پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور ترقی کی ضامن ہے، سردار زادہ فیصل خان جمالی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
lاوستہ محمد (رپورٹ: حنیف بلوچ) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کو امید کی کرن سمجھتے ہیں، انشاءاللہ ان کا حلقہ انتخاب جلد ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔
انہوں نے یہ بات عسکر انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اوستہ محمد بچاؤ تحریک کے صدر محمد حنیف بختیار زئی اور محمد عارف بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خوشحال عوام اور ترقی یافتہ بلوچستان کے لیے ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس مقصد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدور، کسان اور غریب عوام کی حقیقی جماعت ہے جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔
سردار زادہ فیصل خان جمالی نے مزید کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور عوام کی بے لوث خدمت ان کا مشن ہے۔ عوام کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب اوستہ محمد اور تحصیل گنداخہ میں ترقیاتی منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، جن میں صحت، تعلیم، بجلی، گیس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بلیک ٹاپ سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔
Comments are closed.