بولنگ کی اجازت ملنے کے بعد اب حسنین کا پہلا ٹارگٹ کیا ہے؟
اسلام آباد : فاسٹ بولر محمد حسنین نے قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کو اپنا اولین ٹارگٹ قرار دیا ہے۔
محمد حسنین حال ہی میں بولنگ کرانے کے اہل ہوئے ہیں، ان کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ان کے بولنگ ایکشن پر کام کیا گیا اور لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں ہونے والے بائیو مکینک ٹیسٹ میں ان کے بولنگ ایکشن کو قانونی قرار دیا گیا ہے اور اب محمد حسنین بولنگ کرسکتے ہیں۔
حسنین کا کہنا ہے کہ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد بہت اچھا لگ رہا ہے،اب میں دوبارہ ایکشن میں ہوں گا ، نئے ایکشن کے اوپر میں نے کوچز کے ساتھ بہت محنت کی ہے، کوچ عمر رشید نے کافی کا م کیا ہے جس کا مجھے فائدہ ہوا۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھاکہ میں نے ایک مشکل وقت گزارا ہے کیونکہ میرے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا اور ایسے میں، میں بولنگ نہیں کر سکتا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ مشکل وقت میں ہی ہمت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، مشکل وقت کو قبول کیا اور اس میں ہمت کی جس کا فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوچز کے ساتھ اپنی بولنگ پر مکمل فوکس کیا، مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا تھا کہ میں دوبارہ نہیں کھیل پاؤں گا، میں نے ہمیشہ مثبت ہی سوچا تھا کہ میں ایکشن کو کلیئر کر کے واپس آؤں گا۔
محمد حسنین کو یقین ہے کہ نئے بولنگ ایکشن کی وجہ سے اسپیڈ پر فرق نہیں پڑے گا اور ان کا کہنا ہے کہ ابھی پریکٹس کر رہا ہوں، اب جب میچز کھیلوں گا تو ساری صورتحال واضح ہو گی، میرا اس وقت اولین ٹارگٹ یہی ہے کہ جلد ازجلد پاکستان ٹیم میں کم بیک کروں اور پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنسز دوں ۔