ہندو انتہا پسند تنظیم کا کرناٹک حکومت کو مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کا الٹی میٹم
نئی دہلی : بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک نے کرناٹک حکومت کو 9 مئی تک ریاست بھر کی مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کا الٹی میٹم دیا ہے۔
پرمود متالک نے خبردار کیا ہے کہ اگر مساجد سے لاوڈ سپیکر نہ ہٹائے گئے تو ہندوتوا کارکن مختلف مندروں سے مذہبی بھجن گانے شروع کر دیں گے۔ انہوں نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ریاستی حکومت مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے کے حکم پر عمل سے کیوں ڈر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 9 مئی سے مختلف مندروں اور مٹھوں سے دن میں 5 بار لاوڈ سپیکر پر ہنومان چالیسہ ، اومکارا اور بھجن بجانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے خلاف پولیس کی کارروائی کے بارے میں سوال کے جواب میں پرمود متالک نے کہا کہ ایسا کرنے سے قبل پولیس کو سب سے پہلے مساجد سے لاوڈ سپیکر ہٹانے چاہئیں۔