بندروں نے نومولود بچے کو چھت سے نیچے پھینک دیا

بھارت کی ریاست اترپریش کے گاؤں میں بندر نے چار ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر چھت سے نیچے پھینک دیا، جس کے بعد بچہ فوت ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے اتر پردیش کے ضلع بریلی کے گاؤں ڈنکہ میں پیش آیا۔
حکام نے بتایا کہ بندر نے اسے تین منزلہ عمارت کی چھت سے نیچے پھینک دیا تھا۔ ڈنکا گاؤں کے 25 سالہ رہائشی نردیش اپادھیے کے مطابق وہ اور ان کی اہلیہ اپنے چار ماہ کے بچے کے ہمراہ تین منزلہ گھر کے ٹیرس پر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک ایک بندروں کا غول چھت پر آگیا۔ اس دوران جوڑے نے بندروں کو بھگانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے نردیش کو گھیرے میں لے لیا۔
اطلاعات کے مطابق اس دوران نردیش نے سیڑھیوں کی طرف بھاگنے کی کوشش کی تو بچہ ان کے ہاتھ سے گر گیا۔ اس سے قبل کہ نردیش بچے کو پکڑنے کی کوشش کرتے ایک بندر نے بچے کو پکڑ کر چھت سے نیچے پھینک دیا۔
واقعہ کے بعد والدین بچے کو اٹھانے کیلئے گلی میں گئے لیکن تب تک بچہ دم توڑ چکا تھا۔ بریلی کے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ للت ورما کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کی ٹیم کو اس کی تحقیقات کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔ للت ورما کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ شاہی پولیس اسٹیشن میں حکام کے زیرِتفتیش ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اترپریش میں بندروں کی بڑی آبادی کا گھر ہے اور یہاں مختلف علاقوں اور شہروں میں بندر کھلے عام پھرتے ہیں۔ اگرچہ بندر ان علاقوں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کے قابل ہوتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود بھی لوگوں، بالخصوص بچوں پر حملے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس فروری میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب بریلی کے گاؤں بچپوری میں بندروں نے ایک پانچ سالہ بچی کی جان لے لی تھی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ پانچ سالہ بچی دریائے نکتیا کے قریب اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ جب بندروں نے اس پر حملہ کیا اور اس کے پورے جسم کو کاٹنا شروع کردیا ۔ متاثرہ بچی کے والد نند نے بتایا تھا کہ جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بیٹی مدد کے لیے رو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بندر بہت جارحانہ تھے اور انہوں نے ان کی بیٹی کو ہر طرف کاٹ لیا تھا۔ بعد ازاں بچی کو کمیوٹی اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہو چکی تھی۔




