آئین ہر شہری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، قانون کی رو سے فیصلے کیے جائیں : مولانا واسع

0

کوئٹہ : جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے ملک میں آئین اور قانون کی رو سے فیصلے ہوں گے، آئین پاکستان ہر شہری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور اسی آئین کے تحت ہر شہری سے سوال کا حق حاصل ہے، کسی پاکستانی شہری کو ملک آنے سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن وہ شہری بھی آئین و قانون کو مانے گا اور اس پر عمل کرنے کا پابند ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں ضلعی مجلس عمومی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ سخت شرائط پرکیا، ملک میں مہنگائی عمرانی معاہدے کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، عمران خان کی وجہ سے دوست ممالک بھی ناراض ہیں۔ عمران خان کو حکومت سے نکالا اب کہتاہے کمیشن بنا، کمیشن بنایا جائے لیکن یہ جاننے کے لیے کہ عمران کو کیوں لایاگیا تھا، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اب تک نہیں سنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جمعیت کی کامیابی یقینی ہے اور تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے قلعہ سیف اللہ جمعیت کا گڑھ ہے اور رہے گا انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے لئے جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر جماعتوں نے بہت قربانیاں دی ہے ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ پرویز مشرف ہو یا کوئی اور، آئین پاکستان کے تحت ہی ڈیل کی جائے۔ انکی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں لیکن اس ملک میں ہماری نعشوں کو بھی قید کیا گیا ہے۔ اگر کوئی خود کو پاکستان کا شہری سمجھتا ہے تو وہ قانون اور آئین سے کبھی نہیں بھاگے گا۔ ہم اگر پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو یہی آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون ہی اسکی ضمانت ہے۔ تمام تر مصیبتوں اور مشکلات کے باوجود ہم پاکستان اور آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ کوئی ادارہ، کسی فرد واحد سابقہ حکومت نے معیشت کو مضبوط نہیں کیا بلکہ اپنے مفادات کے خاطر معیشت کو تباہ کیا ہمیں عوام کی تکلیف کا احساس ہے مگر اس وقت ملک کی معاشی حالات کو ٹھیک کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.