نئی حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے : جعفر مندوخیل
کوئٹہ : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ نئی وفاقی حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہیں، وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے شامل منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے اوروفاقی فنڈز محکموں کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جس طرح اپنے دور اقتدار میں پنجاب کو ترقی یافتہ بنایا اب انہیں امید ہے کہ وہ پاکستان کو بھی اسی طرز پر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ عمران نیازی کے دور حکومت میں بلوچستان کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں نظر انداز کیا گیا تھا اور جو فنڈز دیئے گئے وہ بھی کرپشن کے نذر ہوگئے تھے جس کی وجہ سے بلوچستان میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اب نئی حکومت بلوچستان کی پسماندگی اور محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیگی اور بلوچستان کے ساتھ ہونے والے زیادتیوں کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اس غریب صوبے کو ترجیح دے۔ ماضی میں اربوں روپے بلوچستان کی ترقی کے لئے مختص کئے گئے تھے مگر وہ کرپشن اور لوٹ مار کی نذر ہوگئے تھے اب وفاقی حکومت کو چاہیے کہ محکموں کے ذریعے فنڈز کو خرچ کرائے تاکہ بلوچستان کے محرومیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔