سعودی عرب میں عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا

0

ریاض : سعودی عرب میں عید کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ شاہی فرمان کے ذریعے تعلیمی اداروں میں جمعہ 22 اپریل سے تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔

یہ شاہی فرمان سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں صرف 21 اپریل تک ہونگی، اس کے بعد چھٹیاں دیدی جائیں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طے کیا گیا تھا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں عیدالفطر کی تعطیلات 26 اپریل سے شروع ہوں گی۔

اس سلسلے میں تمام طالبعلموں کے لئے عیدالفطر کی تعطیلات کی شروعات میں ترمیم کی گئی ہے۔ اب عیدالفطر کی چھٹیاں 22 اپریل 2022ء سے ہوں گی۔

دوسری جانب مصری حکومت نے اپنے شہریوں کو عیدالفطر کی 9 تعطیلات دینے کا اعلان کیا ہے جن کا آغاز 30 اپریل سے ہوگا، جبکہ یو اے ای کی جانب سے عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال رمضان المبارک کے 30 روزے ہوںگے اور عیدالفطر پیر 2 مئی 2022ء کو ہونے کا امکان ہے۔

عیدالفطر کے چاند کی ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 12 بج کر 28 منٹ پر پیدائش ہوگی۔ اتوار کی شام سورج غروب ہونے پر جو چاند نظر آئے گا، اس وقت تک اس کی پیدائش کو ساڑھے اٹھارہ گھنٹے گزر چکے ہوں گے۔ اس لئے اتوار کی شام کو تمام عرب ملکوں میں چاند واضح طور پر دکھائی دے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.