ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس: صوبائی و وفاقی اداروں کا بلوچستان کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 17 جنوری 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ریاستی دفاعی کانفرنس (ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس) کا 21 واں اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں، سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور اور پاکستان کوسٹ گارڈ کے اعلیٰ نمائندگان موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس گزشتہ ڈیڑھ سال سے باقاعدگی سے منعقد ہو رہی ہے اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے ایک مؤثر اور عملی فورم بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر تقریباً 21 دن بعد ہونے والے اجلاس کا مقصد سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینا اور پیشرفت کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں اینٹی اسمگلنگ اور اینٹی نارکوٹکس آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی اور ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام ڈویژنز میں اس حکمت عملی کو مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بلوچستان کے درخشاں مستقبل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

