گلگت: تحصیل سطح کا شاندار اسپورٹس ویک، تحصیل جگلوٹ کی ٹیم نے سب پر قبضہ کیا
گلگت، 19 اکتوبر 2025 (عسکر انٹرنیشنل رپورٹ) — محکمہ تعلیم ضلع گلگت کے زیرِ اہتمام ایک شاندار تحصیل سطح اسپورٹس ویک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع گلگت کی تینوں تحصیلوں گلگت، دنیور اور جگلوٹ کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ گلگت بلتستان، شاہ محمد تھے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن گلگت، اشتیاق احمد نے بطور میر محفل خصوصی شرکت کی۔ تحصیلوں کے درمیان والی بال، کرکٹ اور فٹبال کے مقابلے انتہائی جوش و خروش سے جاری رہے۔
اختتامی مقابلہ فٹبال کا تھا جو تحصیل جگلوٹ اور تحصیل دنیور کے درمیان کھیلا گیا۔ اس سنسنی خیز میچ میں تحصیل جگلوٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔
تحصیل جگلوٹ نے نہ صرف فٹبال بلکہ والی بال اور کرکٹ میں بھی کامیابی حاصل کی اور یوں مجموعی طور پر اسپورٹس ویک کی چیمپئن ٹیم قرار پائی۔ جیتنے والی ٹیم کو ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ گلگت بلتستان، شاہ محمد کی جانب سے دو لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے لیے ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کا اعلان کیا گیا۔
اسپورٹس ویک نے نوجوانوں میں کھیلوں کا جذبہ، ٹیم ورک، اور صحت مند مقابلے کے رجحان کو مزید فروغ دیا، اور یہ ضلع گلگت میں کھیلوں کے فروغ کی ایک شاندار مثال کے طور پر سامنے آیا۔
Comments are closed.