کمشنر سبی کا نرسنگ کالج کا دورہ، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کی تعریف

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

سبی، 19 اکتوبر:
کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے نرسنگ کالج سبی کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل نے انہیں کالج کی تدریسی سرگرمیوں، فیکلٹی، طالبات کی تعداد اور دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر نے کالج کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اور نرسنگ کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ ایک عظیم اور انسانیت کی خدمت سے وابستہ پیشہ ہے، جس میں پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاقی معیار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کالج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تعلیمی و تربیتی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، عملی تربیت کے مواقع بڑھائے جائیں اور طلبہ و طالبات کے لیے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔

کمشنر اسداللہ فیض نے پرنسپل اور تدریسی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج میں نظم و ضبط، صفائی اور تعلیمی ماحول قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ادارے کو منظم انداز میں چلانا پرنسپل اور اُن کی ٹیم کی محنت، قیادت اور مثبت رویے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پائیدار اصلاحات اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی مواقع اور عوام کو بہتر صحت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کالج انتظامیہ نے کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ تدریسی و تربیتی سرگرمیوں کو مزید فعال اور معیاری بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Comments are closed.