بھارت: 3لاکھ54ہزارنئے مریض،2منٹ میں 1موت

نئی دہلی : بھارت میں مسلسل پانچویں روز 354,531نئے افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ 2,806 افراد ہلاک ہوگئے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا ہے کورونا نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، یکم مئی سے کورونا ویکسین 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر ایک شہری کیلئے دستیاب ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں مسلسل چوتھے روز ساڑھے تین لاکھ نئے افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی جبکہ 2,806 افراد ہلاک ہوئے ۔ بھارت میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد دو کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔ ماہرین کورونا کی نئی ہلاکت خیز لہر کو کورونا سونامی قرار دے رہے ہیں جس میں ہر ایک منٹ میں 246 نئے کیسز اور ہر 2 منٹ میں ایک موت واقع ہورہی ہے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 10 پروفیسر اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ نئی دہلی میں جاری لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کردی گئی۔ ایک مریض 9 لوگوں کو متاثر کررہا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس نے صحت کے نظام کو مفلوج کردیا، آکسیجن کی شدید قلت کے باعث ڈاکٹرز اور طبی عملہ خود کو بے بس محسوس کر رہا ہے ۔ ہسپتال موت، بے بسی اور لاچارگی کی تصویر بن گئے ، باہر فٹ پاتھوں پر بھی ادھ موئی سانس لیتے مریض بستر کی امید میں دم توڑ رہے ہیں۔ مریضوں کی تڑپ اور لواحقین کی مدد کی دہائیوں سے فضا سوگوار ہے ۔ شمشان گھاٹ اور قبرستان میں بھی اپنے پیاروں کی آخری رسومات کیلئے لواحقین قطاروں میں لگے ہیں۔ امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارت میں کورونا سے اموات کی اصل تعداد مودی سرکار کی جانب سے ظاہر کردہ تعداد سے بہت زیادہ ہے ۔ ادھر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا ہم سب کے صبر اور برداشت کا امتحان لے رہی ہے ۔ ویکسین کے بارے میں کسی طرح کی افواہیں مت پھیلائیں، کورونا کے اس بحران میں ویکسین کی اہمیت ہر ایک کو معلوم ہے ۔ یکم مئی سے کورونا ویکسین 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر ایک شہری کیلئے دستیاب ہوگی۔کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے پیش نظر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پرتگال اور فرانس کا دورہ منسوخ کر دیا۔بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ایک ہندو خاتون کو جلانے کی بجائے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا گیا ہے ،بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے علاقے اندرا نگر کی رہائشی 72 سالہ چھگن بائی کشن اوبال نے اپنی بیٹی لکشمی کو وصیت کی تھی کہ اگر اس کا رمضان المبارک میں انتقال ہوجائے تو اس کی میت کو جلانے کی بجائے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے ۔برطانوی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے کے دوران بھارت میں کورونا کیسز کی روزانہ تعداد 5 لاکھ تک اور اموات 5700 تک ہونے کا خدشہ ہے ۔ سعودی عرب نے کورونا کی نئی تباہ کن لہر میں آکسیجن گیس کی قلت کے شکار بھارت کو 80 میٹرک ٹن آکسیجن بھجوا دی۔ امریکا نے بھارت میں کورونا کی پھیلتی وبا پر اظہار تشویش اور جلد امداد بھیجنے کا کہا ہے ، یورپی یونین، جرمنی کی جانب سے مدد کی تیاریاں جاری ہیں۔ بھارت کی جانب سے آکسیجن گیس کے حصول کیلئے سنگاپور سے رابطہ کرنے پر سنگاپور کی حکومت بھی ہوائی جہاز کے ذریعے آکسیجن سلنڈرز بھیج رہی ہے ۔ برطانیہ نے آکسیجن سلنڈرز اور وینٹی لیٹرز سمیت میڈیکل اشیا بھارت روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ 495 آکسیجن سلنڈرز، 140 وینٹی لیٹرز ودیگر میڈیکل اشیا پر مشتمل 9 کنٹینرز کی پہلی شپمنٹ منگل کو نئی دہلی پہنچنے کی توقع ہے ۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا اگلے ہفتے ہونیوالا دورہ منسوخ کیا جاچکا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی بھارت پر 10 روز کیلئے سفری پابندیاں عائد کردی گئی ہیں جس کے تحت بھارت سے آنے والی تمام کمرشل پروازوں پر پابندی ہوگی اور بھارت سے آنے والے مسافروں کو یو اے ای میں داخلے سے پہلے 14 روز قرنطینہ ہونا پڑے گا۔




