
اقوام متحدہ (یو این) کی خصوصی سفیر برائے امن اور دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دنیا سے کورونا کی وبا کے خاتمے کے باوجود 2 کروڑ لڑکیوں کے اسکول واپس نہ آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کی جانب سے آن لائن دستاویزی فلم کی نمائش کی ورچوئل تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں لڑکیوں کی متاثر ہونے والی تعلیم اور خواتین کے مسائل بڑھ جانے پر بات کی۔
اپنے مختصر خطاب میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ کورونا کی وبا کے باعث یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ دنیا بھر کی 2 کروڑ لڑکیاں اب کبھی اسکول واپس نہیں آ سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ لڑکیاں کورونا کی وبا ختم ہونے کے باوجود اسکول واپس نہیں آسکیں گی اور دنیا بھر میں تعلیمی منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے اب سالانہ 200 ارب ڈالر کی ضرورت پڑے گی۔



