وزیراعظم کا بھاشا ڈیم 2029ء کے بجائے 2026ء تک مکمل کرنے کا حکم

0

وزیراعظم نے دیا میر بھاشا ڈیم میں کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے کو 2029ء کے بجائے 2026ء تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اچانک دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کے جائزے کے لیے پہنچ گئے، جہاں انہیں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ کے بعد بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیمز نہ ہونے سے پانی وافر مقدار میں ضائع ہو رہا ہے، بھاشا ڈیم کی تکمیل مستقبل میں ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ڈیم کی تعمیر کے لیے وفاق مکمل تعاون کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیم سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور زرعی سرگرمیاں بڑھیں گی، یہ بہت بڑا منصوبہ ہے او ر اس کی جلد ازجلد تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ٹیم کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کو 2029ء کے بجائے 2026ء تک مکمل کیا جاسکے۔

13 کلومیٹر طویل بابو سرٹاپ ٹنل تعمیر کرنے کا اعلان

اس موقع پروزیراعظم نے سال بھر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے 13 کلومیٹر طویل بابو سرٹاپ ٹنل تعمیر کرنے کا اعلان کیا اور حکام کو اس حوالے سے جائزہ رپورٹ ان کے دفتر میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

چلاس میں اسپتال کی تعمیر کا اعلان، علاج مفت کیا جائے گا

وزیراعظم نے علاقے کی آبادی کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے چلاس میں نئے اسپتال کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ اسپتال کی تعمیر سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کی جائے، اسپتال کی تعمیر کے لیے دن رات کام ہوگا، اسپتال میں علاج مفت ہوگا، چلاس اسپتال کی میں ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.