وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ضلع ہری پور سے مانسہرہ تک منعقد ہونے والی ریلی کی قیادت کی
پشاور، 17 جنوری 2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ضلع ہری پور سے مانسہرہ تک منعقد ہونے والی ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے مختلف مقامات پر ریلی کے شرکاء اور استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں اسٹریٹ موومنٹ کی باقاعدہ اور منظم تیاری جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچایا جا رہا ہے اور اس تحریک کو اس کے عروج تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں ہر شہر، ہر گاؤں اور ہر چوک مرکز بنے گا، اور اس بار ہر چوک ہی ڈی چوک ہوگا جہاں عوام اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے۔
ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہری پور کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، تاہم بدقسمتی سے ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر حملہ دراصل جمہوریت پر حملہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کیے گئے جہاں عمران خان کا پیغام براہ راست عوام تک پہنچایا گیا۔ کراچی، لاہور، حیدرآباد، سرگودھا اور دیگر شہروں میں عوام کی جانب سے جس جوش و جذبے اور وابستگی کا مظاہرہ کیا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان آج بھی عوام کے دلوں کی آواز ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ عمران خان ختم ہو چکے ہیں، وہ آج دیکھ لیں کہ پورے ملک میں صرف عمران خان کا نام گونج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی جدوجہد دن بدن مزید مضبوط ہو رہی ہے، جس کا مقصد مضبوط جمہوریت، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی بحالی ہے، اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کے دوران عوام کی جانب سے جس والہانہ جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا گیا، وہ اس بات کا واضح اعلان ہے کہ عوام اس تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس اسٹریٹ موومنٹ کو کامیابی سے ہمکنار کر کے رہیں گے۔
بعد ازاں مانسہرہ کے کالج دوراہا چوک پر وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا کارکنوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا۔
Comments are closed.