وزیراعلیٰ بلوچستان کا مکران کوسٹل ہائی وے بس حادثے پر اظہارِ افسوس، انکوائری کا حکم

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 17 جنوری 2026:
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر بس کے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوادر کو ہدایت کی کہ زخمی مسافروں کو فوری طبی سہولیات اور بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے، جبکہ جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مکران کوسٹل ہائی وے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے کی باضابطہ انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں اوماڑہ کے قریب پیش آنے والے بس حادثے میں زخمی افراد کی حالت اور علاج معالجے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے احکامات پر شدید زخمی مسافروں کو فوری طور پر کراچی کے نجی اسپتالوں میں ایئر لفٹ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کی فوری منتقلی اور تمام انتظامی امور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ خان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تمام مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔

Comments are closed.