اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار، 79.18 کلوگرام منشیات برآمد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد/کراچی/پشاور، 17 جنوری:
انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے چار الگ الگ آپریشنز کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 79.18 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مالیت 77 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
اے این ایف کے مطابق بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 180 گرام وزنی کوکین سے بھرے 8 کیپسول برآمد
کیے گئے۔
ملکی سطح پر کارروائیوں کے دوران گڈاپ ٹاؤن کراچی کے قریب ایک گاڑی سے 72 کلوگرام چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ناردرن بائی پاس کراچی کے قریب ایک اور گاڑی سے 6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح پشاور میں رنگ روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس سے کرکٹ بیٹ میں چھپائی گئی ایک کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.