صدر مملکت آصف علی زرداری سے شاہ اردن عبداللہ دوم کی ملاقات ،دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد۔16نومبر:صدر مملکت آصف علی زرداری سے شاہ اردن عبداللہ دوم ابن الحسین نے ایوان صدر میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے تعلقات کی مستقبل کی سمت پر اعتماد کا اظہار کیا اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیاجبکہ صدر مملکت نے شاہ اردن کونشانِ پاکستان کا اعزاز عطا کیا۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے شاہ اردن عبداللہ دوم نے ایوان صدر میں ملاقات کی ،صدر مملکت نے شاہ اردن کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشانِ پاکستان کا اعزاز عطا کیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہاشمی سلطنت اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کا ایوانِ صدر آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ شاہی وفد میں شاہ اردن کے مشیر برائے مذہبی و ثقافتی امور اور ذاتی ایلچی شہزادہ غازی بن محمد، نائب وزیراعظم و امور خارجہ و تارکین وطن ایمن صفادی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف حنیطی شامل تھے۔خاتون اول محترمہ آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ان تعلقات کی مضبوطی کو مزید آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا اور خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور سلامتی پر توجہ مرکوز رکھی۔ دونوں اطراف نے کثیرالجہتی فورمز پر مل کر کام کرنے ، انسانی ہمدردی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔فلسطین کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور شاہ اردن عبداللہ دوم نے جنگ بندی کے بعد غزہ کی صورتحال پر اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطینیوں کے کسی بھی طرح کے بے گھر ہونے کو مسترد کر دیا اور دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قبل از جون 1967ء کی سرحدوں پر القدس الشریف کو دارالحکومت بناتے ہوئے ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔شاہ عبداللہ دوم نے اردن اور پاکستان کے گہرے اور مضبوط تعلقات پر فخر کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے اردن کے عزم کی تجدید کی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے تعلقات کی مستقبل کی سمت پر اعتماد کا اظہار کیا اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری سینیٹر مصدق ملک، سیکرٹری خارجہ کے علاوہ پاکستان میں اردن کے سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد خصوصی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے شاہ اردن کو نشانِ پاکستان کااعزازعطا کیا۔ اس موقع پر شاہ اردن نے بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کواردن کا اعلی ترین ایوارڈ “وسام النہضۃ المرصع” (جواہرات سے مزین آل نہدہ کا گرینڈ کارڈن، جس کا ترجمہ “احیا کا اعزاز” کیا جاتا ہے) عطا کیا، جو بادشاہ کی جانب سے سربراہان مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، کابینہ اور سفارتی کور کے اراکین نے بھی شرکت کی۔بعد ازاں ایوانِ صدر میں مہمانِ خصوصی کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا
Comments are closed.