کوئٹہ میں بین الاقوامی اقبال کانفرنس 2025 کا شاندار آغاز

6

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ | کوئٹہ | 16 نومبر 2025

 کوئٹہ: رواں ماہ کوئٹہ میں انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2025 نہایت شان و شوکت اور علمی جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ یہ تین روزہ کانفرنس 18 تا 20 نومبر 2025 تک منعقد ہو رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے ممتاز اقبالی اسکالرز، محققین، دانشور اور بین الاقوامی شخصیات شرکت کر رہی ہیں جو علامہ محمد اقبالؒ کے فکر و فلسفہ پر تحقیق کر رہی ہیں۔

کانفرنس کا انعقاد مشترکہ طور پر رحمت للعالمین و کلب تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان اور اقبال اکیڈمی لاہور کر رہے ہیں، جس کا مقصد مفکر پاکستان علامہ اقبالؒ کے افکار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا، نوجوان نسل تک فکرِ اقبال کو مؤثر انداز میں پہنچانا، اور امت مسلمہ کے فکری مسائل کے حل کے لیے اقبال کے افکار کو نئی جہتوں سے روشناس کروانا ہے۔

کانفرنس کے دوران مختلف سیشنز، مقالہ جات کی پیشکش، مکالماتی نشستیں، خصوصی لیکچرز، سیمینارز اور ثقافتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد—تعلیم، ادب، ثقافت، سماجیات، مذہبی علوم، میڈیا، نوجوانوں کی تنظیمیں اور سول سوسائٹی—بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

اہم موضوعات میں تصورِ خودی، شاعری، فلسفۂ انقلاب، اسلامی تہذیب، ملتِ واحدہ، عصرِ حاضر کے چیلنجز اور نوجوان نسل کا کردار شامل ہیں۔ کانفرنس میں اقبال کے فارسی و اردو کلام کی قرأت، اقبالیات پر تحقیقی کتابوں کی رونمائی، اور مختلف ممالک کے اسٹالز بھی پیش کیے جائیں گے۔

کانفرنس کا روح پرور اختتام انٹرنیشنل محفلِ قرآن سے ہوگا، جس میں دنیا کے ہر براعظم سے معروف قرّاء کرام شرکت کریں گے۔ یہ محفل عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا منفرد روحانی اجتماع ہوگی، جہاں قراء کرام تلاوتِ کلامِ پاک کے ذریعے شرکاء کے دلوں کو نورِ الٰہی سے منور کریں گے۔

انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2025 نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے، جو علمی و ثقافتی میدان میں پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت پہچان کو اجاگر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Comments are closed.