ایما رادوکانو کارواں ٹینس سیزن ختم ، کوچ فرانسیسکو روئگ برقرار رہیں گے
لندن ۔16اکتوبر ):انگلینڈ کی نامور ٹینس سٹار ایما رادوکانو نے رواں سال کے باقی دو ٹورنامنٹس سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے رواں سیزن کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق 22 سالہ برطانوی ٹینس سٹار ایما رادوکانو گزشتہ 10 دنوں سے بیماری کا شکار ہیں اور اب وطن واپس جا رہی ہیں تاکہ 2026 کی تیاریوں سے پہلے مکمل صحت یاب ہو سکیں۔ایما رادوکانو نے ٹوکیو اور ہانگ کانگ میں شرکت کرنا تھی، لیکن جسمانی کمزوری اور طبی مسائل کے باعث انہوں نے سیزن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اچھی خبر یہ ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں بھی کوچ فرانسیسکو روئگ کے ساتھ کام جاری رکھیں گی، جو رواں سال کے اختتام تک بطور عبوری کوچ کام کر رہے تھے۔
فرانسیسکو روئگ ماضی میں رافیل نڈال کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ایما رادوکانو کو گزشتہ ہفتے ووہان میں امریکی کھلاڑی این لی کے خلاف میچ کے دوران بلڈ پریشر چیک کروانا پڑا اور وہ میچ کے دوران فٹنس مسائل کے باعث دستبردار ہو گئیں۔ اس کے بعد ننگبو اوپن میں بھی انہیں میچ کے دوران ڈاکٹر کی مدد درکار ہوئی، جہاں وہ چینی وائلڈ کارڈ کھلاڑی ژو لن سے تین سیٹ میں ہار گئیں تھی۔میچ کے دوران ان کی کمر کی پرانی تکلیف پھر شروع ہوگئی ، جس کی وجہ سے ان کی حرکت محدود ہو گئی تھی۔یہ ناکامیاں ایک ایسے سیزن کے اختتام پر آئیں، جس میں ایما رادو کانونے شاندار کارکردگی دکھائی اور تین سال بعد پہلی بار دنیا کی ٹاپ 30 رینکنگ میں جگہ بنائی۔
انہوں نے 28 میچز جیتے اور واشنگٹن میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔مارچ میں میامی اوپن میں ان کی کارکردگی خاص طور پر متاثر کن رہی، جہاں وہ کوارٹر فائنل تک پہنچیں اور امریکی کھلاڑی ایما ناوارو کو شکست دی۔ایما رادوکانو نے سیزن کے ابتدائی حصے میں مارک پیچے کے ساتھ کام کیا جبکہ ومبلڈن کے بعد فرانسیسکوروئگ نے کوچنگ سنبھالی۔ دونوں کے درمیان تین دن کی خفیہ ملاقات کے بعد باقاعدہ معاہدہ طے پایا۔فرانسیسکوروئگ کے ساتھ ان کا پہلا بڑا ٹورنامنٹ سنسناٹی اوپن تھا، جہاں وہ عالمی نمبر ایک آریانا سبالینکا کے خلاف جیت کے بہت قریب پہنچ گئی تھیں۔
فرانسیسکوروئگ یو ایس اوپن میں بھی ان کے ساتھ موجود تھے، جہاں ایما رادوکانوتیسرے راؤنڈ میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا سے ہار گئیں، جو 2022 کی ومبلڈن چیمپئن ہیں۔سال کے اختتام پر کوچنگ کی باقاعدہ تربیتی کیمپ کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے، جہاں رادوکانو 2026 کے لیے مکمل تیاری کریں گی۔
Comments are closed.