چین کا پاکستان اور افغانستا ن کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم

5

بیجنگ۔16اکتوبر :چین نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستا ن کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم اور اس کی حمایت کرتا ہے۔ یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے جمعرات کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کے فیصلے کو نوٹ کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں فریقین کے مشترکہ مفاد میں ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے دوست اور قریبی ہمسایہ ملک ہیں ۔ چین دونوں پر زور دیتا ہے کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، مکمل اور پائیدار جنگ بندی کی طرف بڑھیں، بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو حل کریں اور سیاسی مفاہمت کے راستے پر واپس آئیں تاکہ دونوں ممالک اور پورے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور ترقی کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

Comments are closed.