جموں وکشمیر کا تنازعہ کی حیثیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا بذریعہ سڑک رابطہ انتہائی ضروری ہے ،نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نےآزادجموں کشمیر کے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتےہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا تنازعہ کی حیثیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے، بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا بذریعہ سڑک رابطہ انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے
،آزاد جموں و کشمیر کی سیاحت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہارآزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور کابینہ نے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی توثیق کے بعد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور کابینہ کی جانب سےنگران وزیراعظم پاکستان کی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں گزشتہ روز کی تقریر کی زبردست پذیرائی کی گئی۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے دل جیت لئے اور ان کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی تقریر کو کشمیری عوام، اوورسیز کشمیریوں ، کشمیری اکادیمیہ ، سول سوسائٹی اور میڈیا کی جانب سے بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔آزاد جموں و کشمیر کے کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے دلیرانہ مؤقف نے کشمیریوں میں امید کی نئی کرن پیدا کے ہے۔کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ میں آزاد جموں وکشمیر میں ریاست پاکستان کا مؤقف دہرانے آیا ہوں کہ پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا تنازعہ کی حیثیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے؛ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔وزیر اعظم پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر کے تمام مسائل خصوصاً مالی مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا شونٹر ٹنل، مری-مظفرآباد ایکسپریس وے، مانسہرہ -مظفرآباد-منگلا، میرپور ایکسپریس وے کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا بذریعہ سڑک رابطہ انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی تمام وزارتوں میں آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا جائے گا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاحت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔