بڑھتی مہنگائی نے لوگوں کو نان شبینہ کامحتاج کردیا‘ جمعیت نظریاتی
کوئٹہ:جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستارشاہ چشتی نے کہاہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عام لوگ دووقت کی روٹی کیلئے بھی محتاج ہوچکے ہیں رہی سہی کسر بے روزگاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پوری کردی ہے ایک جانب کورونا سے معاشی حالات خراب ہیں تودوسری جانب ناجائز منافع خوروں نے مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کررکھاہے مگرانہیں کوئی چیک اورکنٹرول کرنے والا نہیں انہوںنے کہاکہ ملک میں مختلف مافیاکاراج ہے جوکبھی پٹرول‘ گیس ‘آٹے ‘ چینی سمیت مختلف اشیائے کی قیمتوں میں اضافہ کردیتے ہیں جس سے عوام کی زندگی مزید اجیرن بن جاتی ہے افسوسناک امر تویہ ہے کہ حکمران صرف بیانات کے ذریعے ریلیف دینے میں مصروف ہیں انہوںنے مطالبہ کیاکہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔