امر یکا کا وقار بحال، نفرتیں ختم، لوگوں کو تقسیم نہیں متحد کریں گے : بائیڈن

واشنگٹن : امر یکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا میں ایک ایسا صدر بنوں گا جو تفرقہ پھیلانے کی بجائے لوگوں کو آپس میں ملائے گا ، جو سیاسی تفریق نہیں دیکھے گا بلکہ پورا امریکا دیکھے گا اور اپنا پورا دل و جان لگا کر اپنی قوم کا اعتماد جیتنے کی کوشش کرے گا، نفرت ختم کرونگا اور امریکا کا وقار بحال کرونگا۔ریاست ڈیلاوئیر کے شہر ولمنگٹن کے چیز سینٹر سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے مزید کہا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سخت الفاظ کا استعمال ختم اوراپنے حریفوں کو دشمن سمجھنا بند کریں،میں آج اپنی ٹیم کا اعلان کروں گا جو سائنسدانوں اور ماہرین پر مشتمل ہوگی ۔انہوں نے کہا وہ بہت شکر گزار ہیں کہ ان پر بھروسہ اور اعتماد کیا گیا جس کی مدد سے وہ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں سات کروڑ چالیس لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے سب سے زیادہ ووٹ لینے والے صدر بن گئے ۔جوبائیڈن نے کہا میں نے اس عہدے کے لیے اس لیے مقابلہ کیا تاکہ میں امریکا کی روح کو دوبارہ بحال کر سکوں، تاکہ اس ملک کو دوبارہ تعمیر کر سکوں، اس کے متوسط طبقے اور پورے امریکا کے وقار کو دنیا بھر میں بحال کر سکوں اور اپنے ملک میں سب کو یکجا کر سکوں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سخت الفاظ کا استعمال بند کریں، ماحول کی گرمی کو کم کریں، ایک دوسرے کو دیکھیں، ایک دوسرے کو سنیں، اپنے حریفوں کو دشمن سمجھنا بند کریں۔عبرانی زبان کی کتاب ایکلیسیاٹیس کا حوالے دیتے ہوئے نو منتخب صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا اپنا وقت ہوتا ہے اور یہ وقت ہے امریکا کے زخم مندمل کرنے کا۔ کورونا وائرس کی وبا کو قابو میں لانا میرا سب سے پہلا کام ہوگا۔ آج پوری دنیا امر یکا کو دیکھ رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ جب ہم اپنے بہترین کردار کو پیش کرتے ہیں تو پوری دنیا کے لیے مشعل راہ بن سکتے ہیں۔جو بائیڈن کی تقریر سے قبل ان کی ساتھی اور نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن لوگوں کے زخموں کو مندمل کرتے ہیں۔ امریکی عوام نے امید کو چنا ہے ، آپ نے اتحاد کو، اخلاقیات کو، سائنس کو، اور سچائی کو چنا ہے کملا ہیرس نے کہا کہ وہ اپنے بارے میں اور ان مختلف نسلوں کی خواتین جیسے سیاہ فام، ایشیائی، سفید فام، لاطینی، اور نیٹوو امریکی اور کئی ایسی دیگر خواتین کے بارے میں سوچ رہی ہیں جنہوں نے اس موقع تک پہنچنے میں مدد کی۔میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی عورت ضرور ہوں لیکن میں آخری نہیں ہوں گی۔دریں اثنا امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ کی بائیو تبدیل کردی ہے اور نئے تعارف میں لکھا امریکا کا نو منتخب صدر، ڈاکٹر بائیڈن کا شوہر، ایک قابل فخر والد اور دادا، تمام امریکیوں کے لیے بہترین ملک اور ماحول تعمیر کرنے کے لیے تیار ہے ۔دوسری جانب جو بائیڈن نے ٹو یٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ امریکا میں مختلف نسلوں کے لوگ اکٹھے ہورہے ہیں۔دوسری جانب ڈونلڈٹرمپ نے ایری زونا میں ایک اور مقدمہ دائر کر دیا جس میں الیکشن کے روز ڈالے گئے ووٹوں کو غلط طریقے سے مسترد کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔اس کے علاوہ اپنی نئی ٹویٹس میں انہوں نے کہا ہمارے مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کا مشاہدہ کرنے کے لیے مخصوص کمرے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی، منتخب میں ہوا ہوں، مجھے 71لاکھ قانونی ووٹ ملے ہیں تاہم کئی غلط چیزیں ہوئیں۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، ڈاک کے ذریعے لاکھوں افراد کو بذریعہ ڈاک بیلٹ بھیجے گئے جس کا انہوں نے مطالبہ بھی نہیں کیا تھا۔ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ انتخاب بڑے فرق سے جیتا ہے ۔تاہم ٹویٹر نے ان کی ان دونوں ٹویٹس کے نیچے لیبل لگادیا۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات کے اظہار کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں مقامی میڈیا کی جانب سے ان کے حریف جو بائیڈن کی انتخابات میں جیت کے اعلان سے کوئی دلچسپی نہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے ریاست ورجینیا میں اپنے ذاتی تفریحی مقام پر گولف کھیلی۔ وہاں سے فارغ ہو کر وائٹ ہاؤس واپسی کا ارادہ کیا تو اتفاقا ً ایک نوجوان جوڑے سے ملاقات ہو گئی جو اپنی شادی کی تقریب اسی تفریحی مقام پر منعقد کر رہا تھا۔ اس موقع پر ٹرمپ د لہا اور دلہن کے قریب گئے اور انہیں مبارک باد پیش کرنے والی نمایاں ترین شخصیت بن گئے ۔ جوڑے نے امریکی صدر سے درخواست کر کے یادگاری تصویر بھی بنوائی۔علاوہ ازیں سعودی عرب نے بھی نو منتخب امریکی صدرجوبائیڈن کوکامیابی پرمبارکباددی ہے ۔




