شعیب اختر کو پاکستان کے ٹیلنٹ پول پر بھروسہ
راولپنڈی ( سپورٹس رپورٹر) سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بہترین کام کر رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہیں۔انہوں نے کہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ بنتی تھی، انہیں ٹی ٹونٹی ٹیم سے ڈراپ نہیں کرناچاہئے تھا ۔ شعیب اختر کے مطابق پاکستان کرکٹ کا ٹیلنٹ پول کم نہیں ہوا تاہم باصلاحیت کھلاڑیوں کوکھلانے والے لوگ ختم ہوگئے ہیں ، بچوں سے پیسے لے کر کلب کرکٹ کے معاملات نہ چلائے جائیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کا سٹرکچر بہتر ہونا چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کو اچھے پیسے مل سکیں۔شعیب اختر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہونے پر باہمی کرکٹ دوبارہ شروع ہو جائیگی ۔ شعیب اختر نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کے آر ایل کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے اسے راولپنڈی ایکسپریس سے منسوب کیا ۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیگرسٹیڈیمز کوبھی قومی لیجنڈز سے منسوب کرنا چاہئے ۔