خیبر پختونخوا: ممتاز علما کا اجلاس، شدت پسندی کے خلاف علما کے کردار پر غور
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: خیبر پختونخوا کے صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (PIFTAC) کے زیرِ نگرانی صوبے کے ممتاز علما کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں معاشرے میں شدت پسندی کی روک تھام اور انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی کے لیے علما کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پُرامن معاشرے کے قیام، تشدد کے رجحانات کے اسباب اور ان کے تدارک کے مؤثر طریقۂ کار پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا احسان الحق، مولانا حسین احمد، مولانا معراج الدین سرکانی، علامہ عابد حسین شاکری اور مولانا عبید شیخ نے شرکت کی۔
شرکاء نے مدارس کی رجسٹریشن، ان کے نظام کو منظم کرنے، اور مدارس کے رسمی تعلیمی اداروں، کالجوں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ علما نے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ مدارس کے طلبہ کے لیے عصری تعلیم کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
اجلاس کے اختتام پر علما نے ہر قسم کی تشدد اور دہشت گردی کی قطعی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ معاشرتی مسائل کے حل کے لیے مکالمہ ہی واحد اور مؤثر راستہ ہے۔
Comments are closed.