راولپنڈی: بنوں میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں سپاہی شہید ہوگیا جبکہ میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا اور دو کو گرفتار کرلیا گیا۔

0

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس پر اہل کاروں نے بھرپور جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 26 سالہ سپاہی سرفراز علی نے جام شہادت نوش کیا، جس کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور دو کو گرفتار کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے دہشت گرد کی شناخت زاہد عرف کوچی کے نام سے ہوئی جو ٹی ٹی ٹی پی کا آئی ای ڈی ماہر سمجھا جاتا ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تینوں دہشت گرد غیر مقامی تھے جنہیں میران شاہ کے ایک گھر میں پناہ دی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.