
اسلام آباد/ڈیووس (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل میں امریکی معاونت کے کر دار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس آمد کے بعد یہ پہلی مصروفیت تھی جہاں دونوں رہنما عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) میں شرکت کررہے ہیں۔ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے سلسلے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ ہائے کار پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں گفتگو کی۔ دونوں اطراف نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل میں امریکی معاونت کے کردار کی ضرورت پر زوردیا جس کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔ صدر ٹرمپ نے جموں وکشمیر کے تنازعے کے لئے کام کرنے، پاکستان اور بھارت میں تناو کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آمادگی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں اطراف نے افغان امن ومصالحتی عمل آگے بڑھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مشرق وسطی اور خلیج کی وقوع پزیر صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکی صدر کو خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کو زیادہ سے زیادہ ضبط وتحمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور تنازعات کے حل کے لئے سفارتی ذرائع کو بروئے کارلائیں۔



