اہم خبریںپاکستان

اگلے الیکشن میں کٹھ پتلیوں کی ضمانتیں ضبط کروادینگے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کٹھ پتلیوں کی اوقات یہی ہے کہ اگلے الیکشن میں ان کو تیسرا نمبر ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہو جائے گی، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حکومت پر ناصرف سندھ اور پنجاب بلکہ اسلام آباد سے بھی وار کررہی ہے ہم سینیٹ الیکشن بھی جیتیں گے۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ایس-88 کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ یہ شہر کراچی بھٹو کا ہے، آپ کی محنت اور خدمت نے پورے پاکستان کو دکھا دیا ہے کہ ان کٹھ پتلیوں کی اصل اوقات کیا ہے 2018 میں تو دھاندلی ہوئی تھی، ان کی اصل اوقات یہی ہے کہ اگلے الیکشن میں ان کو تیسرا نمبر ملے اور ان کی ضمانت ضبط ہو جائے۔ان کا کہنا تھا کہ شہید مرتضی بلوچ اس علاقے کے عوام کے لیے خدمت اور محنت کی وجہ سے آپ نے پیپلز پارٹی کو اتنی بڑی لیڈ دلائی ہے کہ سلیکٹڈ اور سلیکٹر دونوں پریشان ہیں کہ جب ہم یوسف بلوچ جیسے کارکن کو ٹکٹ دلوائیں گے تو وہ دھاندلی سے بھی آپ کو نہیں ہروا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس حکومت کے خلاف ہر میدان میں لڑ رہے ہیں اور انہیں شکست دے رہے ہیں، کراچی سے سانگھڑ، سانگھڑ سے لے کر پشین بلوچستان تک جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے ہیں، حکومت کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔بلاول نے کہا کہ پہلے وہ بڑے سکون سے بیٹھے تھے کہ اپوزیشن الیکشنز کا بائیکاٹ کر دے گی، اپوزیشن تو سینیٹ کا بھی بائیکاٹ کر دے گی اور ان کا راستہ آسان ہو جائے گا لیکن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے وہ سیاسی کارڈ کھیلے ہیں کہ اب وہ ضمنی الیکشن کی وجہ سے بھی پریشان ہیں، اپنے سینیٹ الیکشن کی وجہ سے بھی بہت پریشان ہیں اور پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حکومت پر ناصرف سندھ اور پنجاب بلکہ اسلام آباد سے بھی وار کررہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button