پریٹوریا میں وفاقی وزیر امیر مقام کا خطاب پاکستان کی کامیابیوں، قومی اتحاد اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو خراجِ تحسین
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پریٹوریا، ساؤتھ افریقہ:
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے پریٹوریا میں پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2025 پاکستان کیلئے مجموعی کامیابیوں کا سال ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے دفاع، معیشت، سفارت کاری، کھیل اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی شبانہ روز محنت، درست سمت میں فیصلوں اور قومی اداروں کے باہمی تعاون کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں تاریخی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا گیا۔
امیر مقام نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کے مفادات کا بھرپور دفاع کر کے پوری دنیا کو قومی اتحاد کا واضح پیغام دیا۔ انہوں نے ترسیلاتِ زر کو اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دسمبر میں 3.59 ارب ڈالر کی ترسیلات نے معیشت کو مضبوط سہارا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جا چکا ہے اور ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ بیرونِ ملک پاکستانی بااعتماد انداز میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
تقریب سے ہائی کمشنر ملک محمد فاروق، میاں نصیر احمد، یوسف ابرام جی اور نعیم پٹیل نے بھی خطاب کیا، جبکہ اختتام پر مفتی محمد اکبر ہزاروی نے خصوصی دعا کرائی۔
Comments are closed.