اتحادی جماعتوں نے اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کرلیا

حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں نے اسمبلیوں کی مقررہ مدت پوری کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت اے این پی اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آصف زرداری نے شہبازشریف کو اسمبلی تحلیل نہ کرنے اور موجودہ حکومت کی آئینی مدت پوری کرنے پر قائل کیا ، مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کے سربراہان نے بھی اس پر اتفاق کیا۔
سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کو بچانے کے لیے تمام اتحادی جماعتیں کوشش کریں گی۔
اس موقع پر تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے وزیراعظم سے مہنگائی کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے پر زور دیا، جس پر وزیراعظم نے جلد مہنگائی کم کرنے کیلئے پالیسی لانے کا وعدہ کیا۔
قانون سازی پارلیمان کا حق ہے
سیاسی قائدین کے اجلاس کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام صوبائی حکومت کو حق حاصل ہے کہ اپنی مدت پوری کرے، وفاقی حکومت بھی اپنی مدت پوری کرے گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کا حق ہے اس میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، فتنہ عمرانیہ چاہتا ہے کہ عدالت کے کندھوں پر چڑھ کر آئین سے چھیڑ چھاڑ کرے۔




