یوریا کھاد کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرچکا ہے ، بلاول بھٹو
اسلام آباد : پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں یوریا کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرچکا ہے،عمران خان ہوش کے ناخن لیں،کھادیں دستیاب نہ ہوئیں تو ملک میں غذائی بحران آجائے گا۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گندم کی فصل کے لئے یوریا کھاد سترہ سو اڑسٹھ روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے پینتیس سو روپے تک فی بوری فروخت ہورہی ہے،پیپلزپارٹی کے دورمیں پاکستان پوری دنیا میں یوریا فروخت کرتا تھا آج ملک میں یوریا کھاد ڈھونڈنا پڑرہی ہے اگر برسات سے قبل کاشت کاروں کو یوریا میسر آجاتی تو فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر کے کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف اکیس جنوری سے ریلیاں نکالے گی۔ عمران خان نے ایک زرعی ملک کے ذراعت کے شعبے کو تباہ کرکے معاشی دہشت گردی کی ہے جسے کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا