اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار، 63.18 کلوگرام منشیات برآمد
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 10 جنوری: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 6 آپریشنز کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں ایک کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 63.18 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق لاہور کے انڈسٹریل ایریا کے قریب ایک ملزم سے 2.4 کلوگرام چرس اور 660 ایکسٹیسی گولیاں (وزن 325 گرام) برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
بین الصوبائی کارروائیوں کے دوران حیات آباد ٹول پلازہ پشاور کے قریب گاڑی سے 36 کلوگرام افیون برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب بیساکھی میں چھپائی گئی 1.5 کلوگرام آئس اور 100 گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
مزید کارروائیوں میں کسٹم چوک پشاور کے قریب ہیٹر میں چھپائی گئی 1.5 کلوگرام آئس اور 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ یادگار چوک لاہور میں واقع کوریئر آفس سے 20.16 کلوگرام وزنی 28,800 والیم گولیاں جبکہ کراچی کے شپنگ ایریا میں واقع کوریئر آفس سے 106.4 کلوگرام وزنی 364,800 والیم گولیاں برآمد کی گئیں۔
تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.