
اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وائرس کی وبا ء ، افغان امن عمل سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام جس بہادری سے اس عالمی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ یقینا قابل تحسین ہے،وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی مسلسل تائید و حمایت پر ایرانی حکومت اور ایرانی وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین علاقائی صورتحال اور کرونا وبا سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو رمضان المقدس کی مبارک باد دی ، وزیر خارجہ نے ایران میں کرونا وائرس سے ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام جس بہادری سے اس عالمی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ یقینا قابل تحسین ہے، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔


