وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے حالیہ بارشوں کے باعث ہونےوالے نقصانات کی رپورٹ طلب

0

اسلام آباد/کوئٹہ  وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے صوبے میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کو ہدایت دی کہ گوادر اور تربت میں متاثرہ افراد کو فوری طور پر امداد فراہم کی جائے۔ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں بارشوں سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔گزشتہ شام سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش اور برف باری کے باعث شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہونے کی وجہ سے شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں کا کوئٹہ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔تاہم مکران ڈویژن کے ساحلی علاقوں میں مزید بارشوں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، گوادر کے قدیم رہائشی علاقوں اور مرکزی سڑکوں پر بارش اور سیلابی پانی اب بھی موجود ہے۔علاوہ ازیں فوج، بحریہ اور فرنٹیئر کور کے اہلکار پہلے ہی سیکڑوں لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے بچانے کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کر چکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بارش کے باعث 2 ہزار 478 خاندان متاثر ہوئے ہیں جبکہ 22 دیہاتوں سے سڑک کے ذریعے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث گوادر کے اضلاع میں بڑی تعداد میں چھوٹے ڈیم ٹوٹ گئے ہیں۔بارش کے باعث کلنچ میں 41 دیہات، ایک ہزار 786 گھ اور 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.