بلوچستان کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ملک و صوبے کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ زمینداروں کو سستی بجلی کی فراہمی، معیاری بیجوں اور کھاد پر اعانت دینے سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ غریب زمینداروں کو اپنی کاشتکاری سے زیادہ آمدنی بھی حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ ملک ظفر مینگل کی قیادت میں کانک، مستونگ اور کردگاپ کے زمینداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حاجی عبدالرزاق مشوانی، حاجی راوت خان اور میر سراج محمد حسنی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں. انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ اس سال بارشوں کی کمی کی وجہ سے زراعت کا شعبہ براہ راست متاثر ہو رہا ہے تاہم موجودہ حکومت زمینداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ضروری سہولیات فراہم کا خواہاں ہے. وفد نے گورنر بلوچستان کو مستونگ، کانک اور کردگاپ کے زمینداروں کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا. گورنر بلوچستان ان کے مسائل کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



