پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا
لاہور: پروونشیل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے میں ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 10 جولائی دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
بھارت کی جانب سے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑنے جانے کا امکان ہے، بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے سے سیلاب کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت صوبائی محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا، تمام محکمے فوری طور پر انتظامات مکمل کریں۔
دوسری جانب، لاہور میں آج بھی موسلادھار بارش جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
گزشتہ روز، لاہور میں 10 گھنٹوں کے دوران 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس نے مون سون بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔ مختلف واقعات میں 12 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، لیسکو کے شیخوپورہ سرکل، ننکانہ اور نادرن سرکل میں تیز بارش کی اطلاعات ہیں۔
لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ صارفین سے التماس ہے کہ خراب موسم کے دوران خود کو، اپنے بچوں کو اور اپنے جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فی الفور لیسکو کے عملے کو مطلع کریں۔
لیسکو ریجن میں خراب موسم کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔
راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ
ڈی سی راولپنڈی نے نالہ لئی و دیگر بڑے نالوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی جبکہ نالہ لئی و دیگر نالوں کے اطراف کسی قسم کا کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ نالہ لئی و دیگر نالوں میں نہانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی انسانی جانوں کو بچانے کی غرض سے لگائی گئی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ پابندی کا اطلاق 5 جولائی سے 11 جولائی تک ہوگا۔