کیا شاہد آفریدی کشمیر پریمئیر لیگ کھیلتے نظر آئیں گے ؟
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر جلوے بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
کشمیر پریمئیر لیگ (کے پی ایل) کے دورسرے ایڈیشن میں سپر اسٹار شاہد آفریدی جموں جانباز کی فرنچائز کی نمائندگی کریں گے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں آل راؤنڈر انجری کے سبب دستبردار ہوگئے تھے۔
شاہد آفریدی نے اپنی انجری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اب بھی لیگ کرکٹ کھیل سکتا ہوں لیکن ڈاکٹروں نے سرجری کا مشورہ دیا ہے تاہم ورزش کے ذریعے کمر درد ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے مکمل کشمیر پریمیئر لیگ نہیں کھیل سکتا لیکن جموں جانباز کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک دو میچز ضرور کھیلوں گا۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ کسی الوداعی میچ کی ضرورت نہیں کیونکہ پوری قوم کی حمایت ان کیلئے کافی ہے، حال ہی میں اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹس کے موضوع پر آفریدی نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ کھلاڑی باہر رہ گئے ہیں جس سے نتیجہ اخذ ہوسکتا ہے کہ پی سی بی اعلان کردہ کنٹریکٹس کی وجہ سے تین سے چار کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔