لوگوں میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کرنے کی جرات ہونی چاہیے: شیخ رشید
اسلام آباد : شیخ رشید نے کہا ہے کہ لوگوں میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کرنے کی جرات ہونی چاہیے، پی ڈی ایم کو آج کے اجلاس میں شرکت کرنی چاہیے تھی، اپوزیشن لانگ مارچ کرے گی اور اب پنجاب پر ان کی توجہ ہوگی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج نئی سیاسی زندگی کا آغاز کریں گے، عدم اعتماد کی تحریک آتی تو اپوزیشن کو نمبرز پورا کرنے کی ضرورت تھی، سینٹ الیکشن میں ایک سیٹ کے گرد اپوزیشن نے گھیرا تنگ کیا، اُس ایک سیٹ کے ہارنے کے باعث وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا، سینیٹ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل تھی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے، عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم آج اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ 340 کے ایوان میں حکومتی اتحاد کی تعداد 180 جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ووٹ ہیں۔ عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے 171 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگی۔
ایوان زیریں میں پی ٹی آئی کے اپنے 156 اراکین ہیں جبکہ اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کی 5، 5 نشستیں ہیں، جی ڈی اے کی 3، آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے، 2 آزاد امیدوار بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کے 83 اور پیپلز پارٹی کے 55 اراکین ہیں۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، بی این پی کی 4، اے این پی کی 1 نشست ہے جبکہ اپوزیشن کو 2 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے تاہم پی ڈی ایم نے آج کے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔