سڑکوں کی تعمیر، قوم کا پیسہ بچانے پر وزارت مواصلات مبارکباد کی مستحق : وزیراعظم عمران خان

0

اسلام آباد :  وزیراعظم عمران خان نے قوم کا پیسہ بچانے اور ن لیگ کی حکومت کے مقابلے میں 138 فیصد کم لاگت پر چار رویہ سڑک کی تعمیر پر وزارت مواصلات اور این ایچ اے کو مبارک دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اور این ایچ اے شفاف طریقہ کار سے قومی پیسہ بچانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں، چار لین ہائی وے کی تعمیر پر ن لیگ حکومت کے مقابلے میں 138 فیصد لاکت کم آئی، این ایچ اے کا ریونیو بڑھا، پانچ ارب سے زائد کی زمین قبضہ مافیا سے چھڑائی، عالمی مہنگائی اور قیمتیں بڑھنے کے باوجود یہ کامیابی قابل تحسین ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے جھوٹی تقاریر، ٹویٹس پر استعفی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران صاحب، قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں، استعفی چاہئے، عمران صاحب آج غیر قانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹویٹ نہیں، ٹویٹ اب صرف استعفی دینے کا کریں، اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہئیے، جو سڑکیں اور موٹر ویز نواز شریف بنا گیا وہ کسی وزیراعظم نے نہیں بنائیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹی ٹویٹس سے سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکہ چھپتا ہے، ‎قوم کو بتائیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی تلاشی میں آپ چور ثابت ہوئے ہیں، آپ نے کن غیرملکی کمپنیوں اور افراد سے کتنے ڈالر کھائے، دو ارب روپے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں، استعفی دیں اور قانون کا سامنا کریں، بتائیں کن، کتنے غیر ملکیوں سے کتنی فنڈنگ لی ہے، آج تک اپنی غیر قانونی، غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات کیوں جمع نہیں کروائیں، بتائیں سات سال الیکشن کمیشن سے کیوں مفرور رہے، آج تک فارن فنڈنگ کی کوئی معلومات نہیں دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.