کینیڈین راک اسٹار کو کھویا ہوا ’جادوئی گٹار‘ 46 سال بعد واپس مل گیا
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) کینیڈین راک اسٹار رینڈی بچمین کو 46 سال بعد اپنا کھویا ہوا گٹار واپس مل گیا جس کو ڈھونڈنے میں ایک مداح نے ان کی مدد کی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈین موسیقار کا یہ گٹار دراصل کھویا نہیں تھا بلکہ 1976 میں ان کا یہ گٹار ٹورنٹو کے ایک ہوٹل سے چوری ہوگیا تھا۔
رینڈی کو اس گٹار سے بےحد محبت تھی رینڈی بچمین نے اوریجنل ’امیریکن وومن‘ کا گانا بھی لکھا تھا جبکہ اس گٹار کے ساتھ انہوں نے اپنے سینکڑوں گانے ترتیب دیے تھے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ موسیقار کے لئے یہ گٹار اس لئے بھی خاص تھا کیونکہ انہوں نے مختلف نوکریاں اور مزدوری کر کے 400 ڈالر کا خریدا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ جیسے میرا جادوئی گٹار تھا اور اس کے چوری ہونے سے میں ٹوٹ گیا تھا اور یہ گٹار مجھ سے دور ہوا تو جیسے جادو بھی ختم ہوگیا‘۔
موسیقار نے کافی عرصے تک اس گٹار کو تلاش کیا اور کئی انٹرویوز میں بھی اس کا ذکر کیا جس کے بعد ان کے ایک مداح نے اپنے راک اسٹار کی مدد کرنے کی ٹھان لی اور گٹار ڈھونڈنےکی کوشش کی اور دو ہفتوں کے دوران ہی وہ اس گٹار کو ٹوکیو میں تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گٹار ایک جاپانی موسیقار نے 2014 میں ٹوکیو سے تقریباً چھ ہزار 300 ڈالر کا خریدا تھا جس کو ٹوکیو میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کر کے کینیڈین موسیقار کو سونپ دیا گیا۔