پانامہ اسکینڈل اور جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والے ڈی جی نیب راولپنڈی عہدے سے ہٹادیئے گئے
پانامہ اسکینڈل اور جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن میں تعینات کر دیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے، اور ان تبادلوں کی منظوری قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے دی ہے، اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق درجنوں ہائی پروفائل کیسز سے منسلک رہنے والے عرفان منگی اب نیب راولپنڈی کے ڈی جی نہ رہے، انہیں ساڑھے تین سال کے بعد اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اور اب وہ ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن میں تعینات کر ددیئے گئے ہیں۔
عرفان منگی کی جگہ ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ کو نیا ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے، جب کہ نیب بلوچستان کے نئے ڈی جی نعمان اسلم ہوں گے جو پہلے ڈی جی نیب ملتان تھے۔
ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کو بھی ایک سال میں دوسری بار عہدے سے ہٹایا گیا ہے، گزشتہ سال انہیں عہدے سے ہٹا کر ہیڈ کواٹرز تعینات کیا گیا تھا، تاہم 15 اپریل 2022 کو دوبارہ انہیں ڈی جی نیب لاہور کا چارج دیا گیا تھا۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق شہزاد سلیم کو ڈی جی نیب کے عہدے سے ایک بار پھر ہٹا کر ہیڈ کوارٹرز میں تعینات کردیا گیا ہے، اور ان کی جگہ مرزا سلطان محمد سلیم نئے ڈی جی نیب لاہور ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مسعود عالم خان نئے ڈی جی نیب سکھر جبکہ فیاض احمد قریشی نئے ڈی جی نیب ملتان تعینات کر دیئے گئے ہیں۔