
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، یکم مارچ 2026
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری نے موٹروے (M-2) پر مغوی تاجر کو بحفاظت بازیاب کرانے والے افسران کو سینٹرل پولیس آفس میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا، جبکہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق چند روز قبل خفیہ اطلاع پر موٹروے پولیس کے افسران نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بلکسر انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے مغوی تاجر طارق عزیز ولد عبدالعزیز، سکنہ فیصل آباد، کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ کارروائی میں انسپکٹر قلب عباس، انسپکٹر فیصل اقبال، انسپکٹر محمد اسرار، انسپکٹر عدنان منیر، انسپکٹر شفقت کمال، انسپکٹر عاصم اسحاق، سب انسپکٹر جنید ساجد، سب انسپکٹر سعادت حسین، سب انسپکٹر نعیم یعقوب، سب انسپکٹر ذیشان تصور اور کانسٹیبل عصمت اللہ شامل تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ اغوا کار گروہ بین الصوبائی سطح پر وارداتوں میں ملوث ہے۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس قومی شاہراہوں پر مسافروں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔



