کھیل

مانچسٹر ٹیسٹ: پاکستان 169 رنز بنا کر آؤٹ، انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف

مانچسٹر: مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 277 رنز کا ہدف دے دیا۔ انگلش ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

مانچسٹر ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 169رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اظہر علی 20، اسد شفیق 29، محمد رضوان 27، یاسر شاہ 33 رنز بنا سکے۔

خیال رہے اولڈ ٹریفرڈ پر سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے چار وکٹوں پر 92 رنز سے اپنی پہلی نامکمل اننگز ایک بار پھر شروع کی تو نصف سنچری مکمل کرنے والے اولی پوپ نے وکٹ کیپر جوز بٹلر کے ساتھ مل کر مجموعہ 127تک پہنچا دیا لیکن اس شراکت کے خطرہ بننے سے قبل نسیم شاہ نے شاداب خان کی مدد سے اولی پوپ کو چلتا کیا جو 62 رنز میں آٹھ چوکے لگا چکے تھے۔

پانچ وکٹوں پر 159 رنز کے ساتھ لنچ کے بعد جوز بٹلر بھی پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر رخصت ہوگئے جن کو بولڈ کرنے کے بعد یاسر شاہ نے ڈومینک بیس کو بھی سنگل رن بنانے کی اجازت دی جبکہ کرس ووکس کو بھی 19 رنز پر محدود کر کے پاکستانی ٹیم کو کھیل پر حاوی کر دیا۔ شاداب خان نے اگرچہ باؤنڈری پر ایک کیچ گرایا لیکن انہوں نے جوفرا آرچر کو 16 اور جیمز اینڈرسن کو سات رنز پر پویلین بھیج کر انگلش ٹیم کو 219 رنز سے آگے نہیں جانے دیا جو 60 رنز کے فرق سے آخری پانچ وکٹیں کھو بیٹھی۔

پاکستانی ٹیم انتظامیہ کا دو لیگ اسپنرز کھلانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا جب یاسر شاہ نے چار اور شاداب نے دو وکٹیں لے کر حریفوں کو ٹھکانے لگا دیا جبکہ محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 107 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری باری شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب شان مسعود کھاتہ کھولنے سے پہلے اسٹوارٹ براڈ اور جوز بٹلر شراکت کا نشانہ بن گئے جبکہ عابد علی نے تین چوکوں سمیت 20 رنز کی اننگز ڈومینک بیس کی آف اسپن کے حوالے کر دی۔

پاکستانی ٹیم اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہو گئی جب کرس ووکس نے پانچ رنز بنانے والے بابر اعظم اور کپتان اظہرعلی کو 18 رنز پر گھیر لیا۔ چار وکٹیں 63 رنز پر ضائع کرنے کے بعد اسد شفیق نے 29 اور محمد رضوان نے 27 رنز بنا کر اننگز کو مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں 19 رنز کے فرق سے میدان چھوڑ گئے تو شاداب خان 15 اور شاہین آفریدی کو دو رنز بنانے کا موقع مل سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹوارٹ براڈ، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button