بارکھان کے علاقے اوچڑی میں گھر میں آگ، خاندان متاثر؛ امداد فراہم
بارکھان، 12 دسمبر — گزشتہ رات ضلع بارکھان کے علاقے اوچڑی میں جلال خان پھلیانی کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے چند ہی لمحوں میں پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں گھر کا قیمتی سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا جس سے متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ نے فوری ایکشن لیا اور لیویز انچارج طاہر خان کی سربراہی میں ٹیم کو موقع پر روانہ کیا۔ لیویز ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندان کو انتظامیہ کی جانب سے ضروری اشیاء اور امدادی سامان فوری طور پر فراہم کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مشکل وقت میں عوام کی ہر ممکن مدد کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ واقعے کے محرکات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ حادثاتی تھی یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث لگی۔



