
لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان ہفتے کے روز ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے۔ یہاں انہوں نے مصروف دن گزارا۔ وزیراعظم نے ایکسپو سنٹر جوہر ٹائون کا دورہ کیا۔ اس میں بنائے گئے ایک ہزار بستروں پر مشتمل کرونا فیلڈ ہسپتال میں زیر علاج کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کوفراہم کی جانیوالی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقاتیں کیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے اپنے دورہ لاہور کے دوران کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ کرونا وائرس کے متاثرین کے لئے لاک ڈائون کے دوران امدادی سامان اور راشن فراہم کرنے کے سلسلے میں بنائی گئی ٹائیگر فورس کے اراکین سے ملاقاتیں بھی کیں۔
