ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ساتویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا

جعفرآباد3جولائی ۔ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ساتویں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار احمد نواز جتک بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا مشاہدہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس و انتظامی افسران سے ملاقات کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائیں۔ انہوں نے علماء کرام، زاکرین اور عزاداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ جعفرآباد کی جانب سے ماتمی جلوسوں کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جلوس کے روٹس پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی اور پانی کے چھڑکاو کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی اور ان کی تمام ٹیمیں متحرک ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور عزاداروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔


