سید اشفاق حسین کا فٹبال ہاؤس خالی کرنے سے پھر انکار

لاہور( سپورٹس رپورٹر) اشفاق حسین گروپ کے سربراہ انجینئر سید اشفاق حسین نے فٹبال ہاؤس خالی کرنے سے ایک بار پھر انکار کردیا، کہتے ہیں پی ایف ایف پہلے ہی معطل ہوچکی ہے پابندی لگ بھی گئی تو کوئی فرق نہیں پڑیگا، انہوں نے سابق فیفا ڈویلپمنٹ آفیسر محسن گیلانی پر پی ایف ایف کے امور پر اثرانداز ہونے کا الزام بھی عائد کیا ہے ۔انجینئر سید اشفاق حسین نے فیفا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے سے قومی فٹبال میں تنازعات ہیں، دو مرتبہ اقتدار میں آیا اور ان تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی،میں کبھی ان حالات میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر نہیں بننا چاہتا تھا،اپنے ماضی کے تجربے سے پی ایف ایف کو بہتر کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں مرتبہ مجھے اسی طرح کے برتاؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم اپنا چارج کسی بھی کمیٹی کو نہیں دیں گے ،شیخ سلمان کو محسن گیلانی کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ،فیفا قوانین کے مطابق ہارون ملک چیئرمین بن ہی نہیں سکتے ، یہ لوگ ساڑھے تین سال تک الیکشن نہیں کرانا چاہتے تھے ۔




