بلوچستان
مچھ کے قریب ٹرانسمیشن لائن پر مرمتی کام کا آغاز
کوئٹہ، ہفتہ: مچھ کے قریب سوئی سدرن گیس کمپنی کی ہائی پریشر ٹرانسمیشن پائپ لائن میں پڑنے والے شگاف پر ہفتے کی صبح ہنگامی مرمتی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کا ماہر تکنیکی عملہ 18 انچ قطر کی QPCEP لائن کی بحالی کے لیے مسلسل مصروفِ عمل ہے اور خرابی کو جلد از جلد دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ کے صارفین کو متبادل 12 انچ قطر QPL لائن کے ذریعے کم پریشر پر گیس کی فراہمی برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، خصوصاً کھانے کے اوقات کے دوران سپلائی میں تعطل نہ آنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے صارفین سے پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صورتحال پر پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا اور مرمتی کام کی تکمیل کے بعد معمول کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔



