کھیل

نیشنل ٹی ٹونٹی : سدرن پنجاب کی جیت ، خیبر پختو نخو اکو شکست کا سامنا: سنٹرل پنجاب بھی کامیاب

لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل ٹی ٹونٹی کے اہم میچ میں سدرن پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 11 رنز سے ہرا دیا۔سنٹرل پنجاب نے نیشنل ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو سدرن پنجاب نے پانچ وکٹوں پر 193 رنز بنائے ۔جواب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم 6 وکٹوں پر 182 رنز بنا سکی۔ 194 رنز کے تعاقب میں خیبر پختونخوا کا آغاز اچھا نہ تھا اوپنرز محمد حارث اورعامر عظمت چھ چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ کامران غلام نے 46 رنز بنائے جبکہ نبی گل نے 54 کی شاندار اننگز 31 گیندوں پر کھیلی ۔خیبر پختونخوا نے 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے محمد الیاس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔اس سے قبل سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ۔ اوپنر طیب طاہر نے 78 رنز 48 گیندوں پر بنائے ۔ سنٹرل پنجاب نے ٹورنامنٹ کے اٹھائیسویں میچ میں بلوچستان کو 3 وکٹوں سے ہراکر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ بلوچستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل فور کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ وہاب ریاض کی 9 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز نے سنٹرل پنجاب کو 163 رنز کا ہدف 11 گیندیں قبل حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اننگز کے اٹھارویں اوور میں عماد بٹ کو لگاتار تین چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس سے قبل بلوچستان نے عبداللہ شفیق کی نصف سنچری اور عماد بٹ کے تیزر فتار ناٹ آؤٹ 43 رنز کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے تھے ۔ ثمین گل نے 20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ کے اٹھائیسویں میچ کے بعد ناردرن اور سنٹرل پنجاب کے پوائنٹس کی تعداد 12،12 ہوگئی ہے ۔خیبرپختونخوااور سندھ کی ٹیمیں 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ بلوچستان کا پوائنٹس ٹیبل پر پانچواں اور سدرن پنجاب کا چھٹا نمبر ہے ۔

a

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button