خراب کارکردگی ،شمرون ہیٹمائر انگلینڈ کے کے خلاف آخری دو ٹی ٹونٹی میچز سے باہر ہوگئے

0

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری دو میچوں کے لیے شمرون ہیٹمائر کو سکواڈ سے ڈراپ کر دیا ہے جبکہ فاسٹ بائولر الزاری جوزف کو آرام دیا گیا ہے۔26 سالہ شمرون ہیٹمائر جو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں بھی ویسٹ انڈین الیون سکواڈ سے باہر ہو گئے تھے۔ ان کو مسلسل خراب فارم کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری دو میچز کے لئے بھی ویسٹ انڈین الیون سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ شمرون ہیٹمائر انگلینڈ کے خلاف پہلے دو میچوں میں بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

شمرون ہیٹمائر کی جگہ اوہنسن چارلس کو متبادل کے طور پر ٹیم میں واپس بلا لیا گیا ہے۔ اوہنسن چارلس نے اپنا آخری ٹی ٹونٹی میچ رواں سال اگست میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔دوسری جانب الزاری جوزف کو 17 جنوری سے شروع ہونے والے ٹیم کے تمام فارمیٹس کے دورہ آسٹریلیا سے قبل آرام دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کو دورہ آسٹریلیا کے دوران دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور زیادہ سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں جس میں فاسٹ باؤلر الزاری کے تینوں فارمیٹس کے سکواڈ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔

ٹرینیڈاڈ میں پانچ میچوں کی سیریز کے آخری دو ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے ان کی جگہ ساتھی فاسٹ بائولر اوشین تھامس کو شامل کیا گیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹی ٹونٹی کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت رومین پاول کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شائی ہوپ، جانسن چارلس، روسٹن چیس، میتھیو فورڈ، جیسن ہولڈر، عقیل حسین ، برینڈن کنگ، کائل میئرز، گڈاکیش موٹی، نکولس پوران، آندرے رسل، شیرفین رودر فورڈ، روماریو شیفرڈ اور اوشین تھامس شامل ہیں۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ (کل)بدھ کو برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈمیں کھیلا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.